سوات(زما سواٹ ڈاٹ کام)سوات کبل میں فائرنگ کے دوہرے واقعات۔ غیرت کے نام پر خاتون آشنا سمیت قتل، دوسرے واقعہ میں خاتون بال بال بچ گئی۔ تحصیل کبل میں فائرنگ کے دوہرے واقعات رونما ہوئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق پہلا واقعہ تحصیل کبل کے علاقہ تاران میں پیش آیا جہاں پر دیور مسمی یوسف شاہ ولد گل زمین خان نے غیرت کے نام پر اپنی بھابھی مسماۃ (ش) اور مسمی حضرت اللہ پر اندھادھند فائرنگ کرکے موقع پر قتل کردیا۔ملزم نے دونوں کو اپنے بھائی کے گھر کے اندر قتل کردیا۔ ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ دوسرا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسمی مومن خان ولد ظریف خان نے عدالت پیشی کیلئے آئی اپنی سابقہ بیوی مسماۃ (ن)کوکبل چوک میں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔فائرنگ سے خاتون بال بال بچ گئی۔ملزم کی فرار کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی۔ جائے وقوعہ پر موجود ٹریفک انسپکٹر گوہر امان، پولیس اہلکاروں مراد، آفتاب، افتخار اور شہری نے ملزم کو دبوچ کر گرفتار کرلیا۔ملزم کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی تحویل میں لے لیا گیا۔پولیس نے ملزم کو پابند سلاسل کرکے دونوں مقدمات درج کردیں اور مزید تفتیش شروع کردی۔