سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات کے علاقہ منگلور کس میں اغواء کاروں کا گروہ سرگرم ہوگیا، بچوں کو کئی بار اغواء کرنے کی کوشش کی گئی،مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بچوں کے چیخنے چلانے کے بعد مذکورہ افراد فرار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوات کے علاقے منگلور کس شنگرئی میں گزشتہ ایک ہفتے سے ایک اغواء کار گروہ سرگرم ہوگیا ہے جو بچوں کو اغواء کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مقامی شخص آصف خان نے بتایا کہ دو دفعہ مذکورہ دو افراد دکھائی دئے ہیں جن میں ایک غیر مقامی باشندہ لگتا ہے ، جنہوں نے بچوں کو اغواء کرنے کی کوشش کی تاہم بچوں کے چیخنے چلانے کی وجہ سے مذکورہ افراد بھاگ جاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مقامی پولیس اسٹیشن کو بھی مطلع کیا گیا ہے تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا جا رہا اور ہمیں ڈی پی او آفس سے رابطہ کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ اغواء کار گروہ نے کئی بار بچوں کو اغواء کرنے کی کوشش کی، اب علاقے کے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے اور بچوں کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہی ،انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔