سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات میں گرمی کی شدت میں اضافے اور گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث لوگوں کے اوسان خطا ہو گئے،مقامی لوگوں نے دریائے سوات کا رخ کرلیا۔ سوات میں گزشتہ چار دنوں سے گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز درجہ حرارت41 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گرمی کی شدت میں اضافے نے لوگوں کے اوسان خطا کردئے ہیں جبکہ رہی سہی کسر مینگورہ گرڈ اسٹیشن مین آتشزدگی نے پوری کردی ہے۔ جمعرات کے روز مینگورہ گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث پانچ فیڈر پینل مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سوات کے دو تحصیلوں کی پندرہ لاکھ آبادی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
گرمی کی شدت میں اضافے اور گرڈ اسٹیشن کی تباہی کے باعث لوگوں نے دریائے سوات کا رخ کرلیا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر گرڈ اسٹیشن کی بحالی کے لئے اقدامات اُٹھائیں تاکہ گرمی کے ستائے عوام کی مشکلات میں کمی آسکیں۔