سوات: فضاگٹ میں اشتہاری ملزم کے گھر پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے اے ایس آئی اور دیگر اہلکاروں کی عیادت کے لیے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی آفتاب عالم نے سنٹرل ہسپتال سیدو شریف کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایس پی حسیب اللہ اور ڈی ایس پی سیدو شریف بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ان کے علاج معالجے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
آفتاب عالم نے زخمی اہلکاروں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔