سوات (زما سوات ڈاٹ کام) امتحانات میں نقل کی روک تھام اور پرچوں کی مارکنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سوات پروفیسر سید نبی شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں کنٹرولر سوات بورڈ عمر حسین، سیکرٹر بورڈ محمد اسحاق، پی اے فرمان علی سمیت ضلع سوات، شانگلہ اور بونیر کے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ ڈپٹی ڈی ای او سوات فضل خالق، ڈی ای او بونیر افتخارغنی، ڈی ای او شانگلہ محمد اورنگزیب، ڈی ای او فیمیل بونیر شازیہ نواز، ایس ڈی ای او الپوری بی بی عائشہ اور دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں امتحانی مراکز میں بہتر طریقے سے امتحانات منعقد کرنے، مانیٹرنگ بہتر اور سخت کرنے اور مارکنگ کے مرحلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے تجاویز زیرِ غور آئیں، اجلاس میں اضلاع کے ڈی ای اوز سے مشاورت کے بعد اساتذہ کی امتحانی مراکز میں ڈیوٹی لگانے پر اصولی اتفاق کیا گیا، اسی طرح انسپکشن ٹیموں میں شامل اساتذہ کے لئے بھی اضلاع سے مشاورت کی جائے گی، اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین سوات بورڈ کا کہنا تھا کہ مشاورتی اجلاس کا مقصد امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے، امتحان میں مانیٹرنگ کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا تاکہ اس کو مزید سخت کیا جاسکے، مزید کہا کہ سوات بورڈ معیاری تعلیم کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں اضلاع میں محکمہ تعلیم کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، طلباء کی سہولت کے لئے بورڈ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کیا گیاہے، مارکنگ نظام میں بہتری کے لئے سنٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا تاکہ مارکنگ سے منسلک مسائل اور حق تلفیوں کو ختم کیا جاسکے۔