سوات کے علاقے تختہ بند میں نہاتے ہوئے ایک نوجوان دریائے سوات میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت 21 سالہ زریال ولد طارق خان، سکنہ قمبر سوات کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد نوجوان کی لاش دریا سے نکال کر سیدو شریف سنٹرل ہسپتال منتقل کر دی گئی۔
مقامی افراد کے مطابق نوجوان نہاتے ہوئے پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ کر ڈوب گیا تھا۔ ریسکیو 1122 حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے سے اجتناب کریں اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ضیاع سے بچایا جا سکے۔