سوات: تھانہ منگلور پولیس نے سنگوٹہ میں ایلیٹ فورس کے اہلکار حماد علی کے قتل کے بلائنڈ مرڈر کیس کو ٹریس کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کنسٹیبل حماد علی، جو چھٹی پر گھر آئے ہوئے تھے، کو نامعلوم ملزمان نے ان کے گھر کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایت پر ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید تکنیکی ذرائع اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ واقعہ تنازعہ زن اور سابقہ دشمنی کا شاخسانہ تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول حماد علی نے ماضی میں اپنی بھانجی مسماۃ (ک) دختر محمد آیاز کو قتل کیا تھا، جس پر مقتولہ کے بھائی جلال نے اپنی بہن کا بدلہ لینے کے لیے ساتھی ملزمان طیب فہد شاہ ولد سید سجاد علی اور سید محسن شاہ ولد سید شاہ حسین کے ہمراہ حماد علی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس نے شریکِ جرم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم جلال تاحال مفرور ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔