سوات: تھانہ منگلور پولیس کی کارروائی، بلائنڈ مرڈر کیس میں مرکزی ملزم گرفتار

سوات: تھانہ منگلور پولیس کی کارروائی، بلائنڈ مرڈر کیس میں مرکزی ملزم گرفتار

سوات: تھانہ منگلور پولیس نے تنازعہ زن کے باعث ہونے والے بلائنڈ مرڈر کیس میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ایڈیشنل ایس پی سوات غلام صادق خان نے ایس ڈی پی او سرکل سیدو شریف حبیب شاہ اور ایس ایچ او تھانہ منگلور اسلم خان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ 15 جنوری 2025 کو بحرو سید ولد حاجی محمد، سکنہ بونیر، حال کابل گرام شانگلہ، نے اپنے بیٹے جمشید کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ منگلور میں درج کرائی تھی۔

مدعی کے مطابق، مقتول جمشید دارالقضاء فضاگٹ میں عدالتی پیشی کے بعد لاپتا ہوا۔ مقدمے میں محمد اسرار (وکیل)، سید محمد شاہ عرف حمد (لڑکی کا والد)، صدام حسین، صاحب خان اور ظاہر سید کو نامزد کیا گیا تھا۔

پولیس تفتیش کے دوران ملزم ظاہر سید نے انکشاف کیا کہ مقتول کو اسمانی موڑ، کڑاکڑ لے جایا گیا، جہاں اسے نشے کا انجکشن دے کر بے ہوش کیا گیا اور بعد میں تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ مقتول کی نعش پہاڑی علاقے دنگ کوہے میں دفن کی گئی تھی، جسے پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔

پولیس نے واقعے میں مرکزی ملزم سید محمد شاہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈگر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔