سوات: ضلع سوات میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایت پر تھانہ مینگورہ پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان اور منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ مینگورہ قریب اللہ خان کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مجرمان اشتہاری فضل ربی ولد شیخ محمد گل ساکن لنڈیکس مینگورہ، عزیز الرحمن عرف زیزورے ولد روان اور عارف عرف بجاڑ ولد بخت روان ساکنان شاہدرہ وتکے مینگورہ کو گرفتار کر لیا۔
اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران لیاقت علی ولد غلام غوث ساکن حاجی بابا کے قبضے سے 230 گرام چرس اور منصور ولد انور خان ساکن نیوروڈ کے قبضے سے 295 گرام چرس برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔