سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان نے ڈسٹرکٹ جیل سوات میں قیدیوں کے لیے فنی مہارت سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ جیل میں خواتین، مردوں اور کم عمر قیدیوں کے لئے الگ الگ سینٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں سلائی کڑھائی سے متعلق ہنر میں قیدیوں کو تربیت دے کر مختلف مصنوعات تیار کی جائیں گی۔ افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات تاج سلطان بھی موجود تھے۔ سپرنٹینڈنٹ جیل ایوب بادشاہ، ریجنل منیجر الھدیٰ ویلفیئر فاؤنڈیشن قرۃالعین اور دیگر افسران و اہلکار شریک ہوئے۔ افتتاح کے موقع پر فضل حکیم خان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے لیے نہ صرف جدید سہولیات سے بھرپور جیل قائم کیا گیا ہے بلکہ ان کو کار آمد شہری بنانے کے لیے تربیتی پروگرام بھی شروع کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فنی تربیتی مرکز کے قیام سے قیدی نے نئے ہنر سیکھ سکیں گے اور قید سے رہائی کے بعد سیکھے گئے ہنر کو اپنے لئے معاش کا ذریعہ بنائیں گے۔ انہوں نے جیل حکام اور الہدی ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اس مشترکہ کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ قیدیوں کے لیے ایسے تربیتی پروگرام کا سلسلہ تواتر سے جاری رہے گا۔ افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات تاج سلطان کاکہنا تھا کہ خواتین، مرد اور کم عمر قیدیوں کے لئے الگ الگ سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات کی بھرپور کوشش ہے کہ قیدی قید کاٹتے ہوئے وقت کا بھرپور استعمال کریں اور جیل سے ہنرمند کارآمد شہری بن کر معاشرے کا حصہ بنیں۔