سوات: سیدو میڈیکل کالج کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز گزشتہ چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے ہاؤس جاب ڈاکٹرز نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عرفان، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر مختیار احمد، ڈاکٹر سمیع الرحمن، ڈاکٹر نثار اور دیگر نے کہا کہ حکومت نے 2019 میں کالج کی 96 نشستیں بڑھا کر 120 کر دی تھیں، تاہم فی الوقت صرف 96 ڈاکٹرز کو تنخواہیں دی جا رہی ہیں جبکہ 24 ڈاکٹرز مسلسل تنخواہوں سے محروم ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق وہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) سے باقاعدہ رجسٹرڈ ہیں، اس لیے تنخواہ ان کا قانونی حق ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ صوبائی فنانس ڈیپارٹمنٹ صرف 96 سیٹوں کی تنخواہیں ریلیز کر رہا ہے، جس سے امتیازی سلوک کا تاثر ملتا ہے۔
ہاؤس جاب ڈاکٹرز نے صوبائی حکومت، PMDC اور پرنسپل سیدو میڈیکل کالج سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام متاثرہ ڈاکٹرز کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں، بصورت دیگر وہ احتجاج اور قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کریں گے۔