اسلام آباد: سابق چیف جسٹس ناصر الملک نے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین نے ناصر الملک سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزرا، ارکان پارلیمنٹ، چاروں گورنرز، سفارتکاروں، اٹارنی جنرل، انجینئر امیر مقام، ناصر جنجوعہ، کشمالہ طارق اور وفاقی سیکرٹریوں نے شرکت کی جب کہ اپوزیشن جماعتوں کا کوئی رہنما شریک نہیں ہوا۔
نگراں وزیر اعظم ناصر الملک وزیراعظم ہاوس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، قومی ترانہ بجایا گیا اور مسلح افواج کے دستے نے سلامی دی۔ اس موقع پر نگراں وزیر اعظم کا افسران اور اسٹاف سے تعارف بھی کرایا گیا جس کے بعد نگراں وزیر اعظم نے باضابطہ ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
حلف برداری کے بعد ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ انشاء اللہ کابینہ بھی جلد حلف اٹھائے گی، نگران کابینہ مختصر ہوگی، ہمیں آئین کے مطابق الیکشن کمیشن کے کام میں سہولت فراہم کرنا ہے، جس کام کے لیے آئے ہیں اپنی وہ ذمہ داری پوری کریں گے، انتخابات بروقت اور شفاف ہوں گے۔