سوات: تحصیل کبل کے علاقے شاہ ڈھیرئی بٹاکہ کے پہاڑی جنگلات میں جمعرات کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے ریسکیو 1122 کی فائر ٹیموں کی جانب سے گزشتہ پانچ گھنٹوں سے آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، آگ پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ پہاڑی اور دشوار گزار راستے، تیز ہوائیں، خشک جھاڑیاں اور شدید گرمی آپریشن میں مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔
آگ پر قابو پانے کے لیے مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جس کے باعث بعض علاقوں میں آگ کے پھیلاؤ کو روکنے میں جزوی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی اطلاع کی صورت میں فوری طور پر 1122 سے رابطہ کریں۔