سوات: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت محکمہ زراعت شعبہ توسیع لوئر سوات کے دفتر امانکوٹ میں ایک روزہ اربن کچن گارڈننگ تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام میں ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت محمد صدیق، ڈبلیو ایس ایس سی کے جنرل منیجر آپریشنز ذیشان پرویز، محکمہ زراعت کے افسران، زمینداروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے کہا کہ شہریوں کو گھر کے صحن یا چھت پر سبزیاں اگانے کی تربیت دینا ضروری ہے تاکہ تازہ اور کیمیائی آلودگی سے پاک سبزیاں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں سیوریج کے پانی سے اگائی گئی سبزیاں انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں، اس لیے اربن کچن گارڈننگ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت محمد صدیق نے کہا کہ کچن گارڈننگ سے شہری اپنی گھریلو ضروریات کے لیے سبزیاں خود اگا سکتے ہیں، جس سے صحت بخش اور معیاری خوراک کا حصول ممکن ہوگا۔
پروگرام کے دوران شہریوں کو بھنڈی، ٹماٹر، پیاز، دھنیا، شملہ مرچ، کریلا اور دیگر سبزیوں کی کاشت کا طریقہ کار سکھایا گیا۔ ڈبلیو ایس ایس سی کے جنرل منیجر ذیشان پرویز اور ایگریکلچر افسر اسرار احمد نے بھی شرکاء کو عملی تربیت فراہم کی۔
پروگرام کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب اور ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت محمد صدیق نے شہری زمینداروں میں سبزیوں کے بیج، پیاز اور لہسن کی پنیری اور گرین سائل تقسیم کیے۔
اشتہار