سوات: غیر قانونی طور پر ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں ایل پی جی ری فلنگ پر پابندی، دو دکاندار گرفتار

سوات : ضلعی انتظامیہ سوات نے غیر قانونی طور پر ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں کی گاڑیوں میں ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوات، شہزاد محبوب نے ضابطہ فوجداری کے دفعہ 144 کے تحت اس عمل پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سوات کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ، سید محمد ثاقب نے تحصیل بریکوٹ میں کارروائی کے دوران ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ میں ملوث دو دکانداروں کو گرفتار کیا۔ یہ کارروائی ان دکانوں پر کی گئی جہاں ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں ایل پی جی ری فلنگ کی جا رہی تھی۔

کارروائی کے دوران دونوں دکانوں کو سیل کر دیا گیا، جبکہ دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔