سوات: میڈیکل سٹورز اور شیائے خوردونوش کی دکانیں دن بھر کھلی رکھنے پر اتفاق

سوات (زما سوات ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر سوات انتظامیہ اور تاجروں کے مابین اہم اجلاس، پورے ضلع کے تمام میڈیکل سٹورز، تندور، گوشت، دودھ، سبزی، بیکری اور کریانہ کی دکانیں دن بھر کھلی رکھنے پر اتفاق، اشیائے خوراک لانے اورلوڈ آن لوڈ پر کوئی پابندی عائد نہیں ہو گی۔ تاحکم ثانی اس طریقہ کار پر عمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی، گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کے دفتر میں تاجروں، انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈیڈک چیئرمین ایم پی اے فضل حکیم خان کے علاوہ سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حامد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ریاض علی خان، اسسٹنٹ کمشنر عامر علی شاہ کے علاوہ دیگر مجسٹریٹس بھی شریک تھے۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے وزیراعلیٰ کے احکامات سے شرکاء اجلاس کو آگاہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سوات بھر کے تمام میڈیکل سٹورز، تندور، گوشت فروش، دودھ دہی فروش، سبزی فروش، بیکری اور کریانہ کی دکانیں کھلی رہیں گی، کریانہ میں آٹا، چینی، چاول، گھی، چائے، دالیں کی دکانیں شامل ہیں دن بھر کھلی رہیں گی علاوہ ازیں میڈیسن کی سپلائی کے وین اور دیگر اشیائے خوراک کے نقل و حمل پر ٹریفک پابندی نہیں ہونگی باہر اشیائے خوراک لانے والوں اور اس کے لوڈ آن لوڈ پر کوئی پابندی عائد نہیں ہو گی، تا حکم ثانی اسی طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا مزید احکامات ملنے پر پھر دوبارہ اجلاس بلا کر عوام الناس تک اطلاع پہنچا دی جائے گی۔ ادھر سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے تاجران کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنے دکان پر تین افراد سے زیادہ صارفین کو کھڑا نہ کریں اگر پھر بھی تعداد کا اضافہ ہو گیا تو درمیان 3 فٹ کا فاصلہ رکھا کریں مشکل کے اس وقت میں ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی اور بلیک مارکیٹنگ سے اجتناب کیا جائے۔

CORONASwat
Comments (0)
Add Comment