اشتہار

سوات میں اسٹامپ پیپروں کا فقدان جبکہ دستیاب اسٹامپ پیپرز مہنگے داموں بلیک میں فروخت جاری

اشتہار

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ضلع بھر میں کئی مہینوں سے اسٹامپ پیپرز کا فقدان ہے جس کے باعث لوگوں کو کم قیمت والے اسٹامپ پیپرز مہنگے داموں فروخت ہورہے ہیں جبکہ کئی جگہوں پر جی اسٹامپ فروشی کی افواہیں بھی زیر گردش ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع سوات میں کئی مہینوں سے کم مالیت والے اشٹام پیپر کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عوام خوار ہورہے ذرائع کا کہنا ہے کہ سوات میں کم مالیت کے اشٹام پیپرز کی قلت نے بنیادی دستاویزات کی تحریر و تکمیل کے اخراجات میں 200 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ سوات کے طول و عرض میں گذشتہ کئی ماہ سے کم مالیت کے اشٹام پیپرز کی شدید قلت ہے جسکے باعث سائلین مطلوبہ مالیت سے زیادہ کے اشٹام لگانے پر مجبور ہیں۔ بیان حلفی، معمولی نوعیت کے معاہدے،اقرارنامے عوام کو مہنگے پڑنے لگے۔سستا اور فوری انصاف ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہوتا ہے جس کی فراہمی کسی بھی جمہوری ریاست کا فرضِ اولین ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے سوات میں سائلین مطلوبہ مالیت کے اشٹام پیپر نہ ملنے کے سبب ذلیل و خوار ہونے اور بے جا مالی زحمت اٹھانے پر مجبور ہیں۔ اشٹام فروشوں کے بقول 20،30 40، 50 اور75روپے کی مالیت والے اشٹام پیپر کی فراہمی خیبر پختون خواء حکومت نے پچھلے دو سال سے بند کر رکھی ہے اور کم مالیت والے صرف100 روپے کے اسٹامپ فراہم کئے جارہے تھے جس کی سپلائی بھی گذشتہ دو ماہ سے بند ہوچکی ہے اور اب کم از کم 200 روپے مالیت کے اسٹام فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ وہ مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں جسکے باعث سائلین کو بلیک میں مہنگے داموں یا زیادہ مالیت کے اشٹام خریدنا پڑ رہے ہیں جو اُن کیلئے مالی بوجھ اور قانونی پیچیدگیوں میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو اس ضمن میں جلد از جلد قانونی تقاضوں کی تکمیل کیلئے مطلوبہ اشٹام پیپرز مہیا کرنے چاہیں کیونکہ اگر یہ بنیادی عوامی سہولیات عوام کو میسر نہ ہوں گی تو سستے اور معیاری انصاف کے دروازے عوام کیلئے بند ہو جائینگے جو سراسر ظلم کے مترادف ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں کی غفلت کے باعث اس نوعیت کی مصنوعی قلت اور بحرانی صورتحال پیدا کی گئی ہے ان کیخلاف ضروری قانونی کارروائی کی جائے کیونکہ انکے پیدا کردہ حالات سے سستا اور معیاری انصاف غریبوں کیلئے خواب ہو کر رہ گیا ہے۔ دوسری جانب یہ افواہ بھی زیر گردش ہے کہ اسٹامپ پیپرز کی قلت اور بحرانی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی سازوں نے جعلی اسٹامپ پیپرز مرکیٹ میں پھیلائے ہوئے ہیں جوکہ مستقبل میں سنگین قانونی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتے ہیں لوگوں نے مسلہ کے حل کیلئے ڈی سی سوات سمیت بالا حکام سے فوری اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اشتہار

Stamp Papers Swat
Comments (0)
Add Comment

اشتہار