سوات: محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ سوات سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں (18 جنوری) سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔ یہ سلسلہ 21 جنوری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سوات کے بالائی علاقوں، جن میں کالام، اوشو، گبرال، مانکیال، مٹلتان، اور اوتروڑ شامل ہیں، میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو نہ صرف سردی کی شدت میں اضافے کا باعث بنے گی بلکہ ان علاقوں میں سفری مشکلات بھی پیدا کرسکتی ہے۔ برفباری کے دوران راستے بند ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر ان علاقوں کا رخ کرنے سے اجتناب کریں جہاں شدید برفباری کا امکان ہے۔
ریسکیو اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیاں ترتیب دیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔