سوات (زما سوات ڈاٹ کام )سوات میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث کالام، بحرین سمیت دیگر بالائی علاقے بھی شدید متاثر ہو ئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 233 مکانات،50ہوٹل،41سکول،24پل اور 130 کلو میٹر تک سڑکیں پانی میں بہہ گئی ہے جبکہ اب تک 24 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔متعدد گاوں بھی اجڑ چکے ہیں حالیہ سیلاب میں دریائے سوات کا بہاؤ دو لاکھ 43 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا تھا جو 2010 کے سیلاب سے دگنا تھا۔ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں سیلاب کے بعد حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہے ، بالائی علاقوں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تین ہزار سے زائد سیاحوں کو نکالا گیا ہے جن میں غیر ملکی بھی شامل تھے، بالائی علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں تک خوراک بھی پہنچائی جا رہی ہے ۔