سوات(زما سوات ڈاٹ کام )کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام کی زیر صدارت کمشنر آفس سیدوشریف میں ضلع سوات کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے سپیشل سیکرٹری محمد خالق کی خصوصی شرکت۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن عبدالغفور آفریدی، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ضلعی محکموں کے سربراہان و نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلع سوات میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پولیس اصلاحات، زرعی ترقی، صحت و تعلیم سب کے لیے، آمدورفت میں آسانی، صاف پانی کی ترسیل و فراہمی، کھیلوں کی سہولیات، ریسکیو سروسز اور جوڈیشل کمپلیکس کا قیام اور بجلی و گیس کے منصوبے زیر بحث ائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کے لئے خصوصی پیکیج کے تحت 92 سکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کے لئے ان علاقوں میں 65 منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اسی طرح ملاکنڈ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 158 منصوبے جاری ہیں جس میں 26 مکمل ہو چکے ہیں۔ تیز ترین انصاف کی فراہمی کے ویژن کے تحت سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے مٹہ اور خوازہ خیلہ میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر بھی جاری ہے۔ اعلی تعلیم کے شعبے میں زرعی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کے لیے پی سی ون تیاری کے آخری مرحلے میں ہے جبکہ چار باغ، سیدوشریف اور خوازہ خیلہ میں ڈگری کالجز کے لئے مناسب اراضی کا حصول عمل میں لایا جا رہا ہے۔ سوات یونیورسٹی میں وومن یونیورسٹی کیمپس کا قیام اور سوات یونیورسٹی میں مختلف ڈیپارٹمنس کو منتقل کرنے کے حوالے سے پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صحت کی خدمات کے سلسلے میں کبل، بریکوٹ اور چپریال میں ہسپتالوں اور مٹہ میں ٹی ایچ کیو اسپتال اور برن اینڈ ٹراوما سینٹر کی تعمیر پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ اسی طرح طب تدریسی شعبے میں سیدو کالج آف ڈنٹسٹری پر کام جاری ہے۔ پولیس میں اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت مختلف علاقوں میں پولیس اسٹیشنز تعمیر ہو رہے ہیں جس کے لئے اراضی کا حصول عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں آب نوشی اور زرعی ترقی کیلئے بھی متعدد منصوبے تکمیل کے مرحلے میں ہیں جبکہ کھیل اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیلوں کی سہولیات میں بہتری پر کام ہو رہا ہے اور اس حوالے سے سیدو شریف میں ہاکی ٹرف اور سکواش کورٹ کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے اور نئے منصوبوں کے لیے پی سی ون جلد تیار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام منصوبے پلان کے عین مطابق وقت پر مکمل کئے جائیں۔ پولیس اصلاحات اور عوامی رسپانس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تفتیش اور کمیونٹی پولیسنگ کے لئے جدید طرز پر نئے تھانوں کا قیام ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں کام مزید تیز کیا جائے۔ عوامی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے کمشنر مالاکنڈ ڈویژن نے پولیس کو دیگر علاقوں سے پیشہ ور بھکاریوں کی ضلع سوات میں داخلے اور بھیک کی حوصلہ شکنی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔