سوات( زما سوات ڈاٹ کام ) ڈسٹرکٹ کورٹس سیدوشریف میں ضلع سوات کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا افتتاح کردیا گیا۔ کورٹ کا افتتاح چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصر رشید خان نے پشاور سے ورچوئل افتتاحی تقریب کے ذریعے کیا۔ افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی عدالتیں چائلڈ پروٹیکشن سے متعلق قوانین کو بہتر انداز میں عمل میں لانے اور صوبے میں بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے عین مطابق ماحول مہیا کرنے میں سنگِ میل ثابت ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور دوستانہ ماحول مہیا کرنے کے حوالے سے کورٹس کا قیام پشاور ہائیکورٹ کا ایک تاریخی قدم ہے۔ ضلع سوات کے علاؤہ ڈی آئی خان، بنوں اور کوہاٹ میں بھی ورچوئل تقریب کے ذریعے چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کا افتتاح ہوا۔( خبر جاری ہے )
چار نئے چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کے افتتاح سے خیبرپختونخوا میں بچوں کے لئے قائم خصوصی عدالتوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہوگئی ہے جو کسی بھی صوبے میں چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس سے پہلے یہ کورٹس پشاور، مردان، ایبٹ آباد اور قبائلی ضلع مہمند میں قائم کئے جاچکے ہیں۔چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کے افتتاح کے حوالے سے متعلقہ اضلاع میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جبکہ مرکزی تقریب پشاور ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی۔ سوات میں تقریب ڈسٹرکٹ کورٹس کانفرنس روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام، ڈی آئی جی ملاکنڈ عبدالغفور آفریدی، ایڈیشنل رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ مینگورہ بینچ ممریز خان خلیل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات شعیب خان، ججز، وکلاء اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکومینٹریز کے ذریعے چار اضلاع میں قائم کئے گئے چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کی افادیت اور سہولیات پر روشنی ڈالی گئی۔ تقریب میں بتایا گیا کہ ان خصوصی عدالتوں میں بچوں کے لئے پلے ایریاز، سٹڈی ایریاز اور دیگر سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔تقریب سے اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات شعیب خان نے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کے قیام کو تاریخی پیشرفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع سوات میں 29 جوئینائیل کیسس ہیں اور خصوصی کورٹ کے قیام سے بچوں کو عدالتی احاطے میں نہ صرف دوستانہ ماحول میسر آئے گا بلکہ ویڈیو لینک کی سہولت سے انہیں بیان ریکارڈ کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔