سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات میں سیاحوں کو لوٹنے کے پے درپے واقعات سے عوام تشویش کا شکار، سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ ایک منظم گروہ سوات کی سیاحت کو تباہ کرنے کے درپے ہیں، آئی جی اور وزیر اعلیٰ سے فوری نوٹس لینے اور سازشی عناصر کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سوات میں پیر کے روز سیاحوں کو لوٹنے کے دو واقعات رونما ہوئے جن میں مدین کے علاقہ قندیل میں موٹر سائیکل سواروں نے سیاحوں کی کوسٹر کو لوٹ لیا تھا ، واقعے میں ملوث ملزمان کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار بھی کیا گیا تاہم اس واقعے کے تین گھنٹے بعد بریکوٹ میں گیمن پل کے قریب تین موٹر سائیکل سواروں نے سیاحوں کی دوسری پارٹی کو لوٹ لیا اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس سے قبل بھی مالم جبہ، بحرین اور کالام میں سیاحوں کو لوٹا گیا تھا۔سوات میں ڈکیتی اور راہزنی کے ے درپے واقعات نے سوات کے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، سول سوسائٹی نے واقعات کو سیاحت کے خلاف ایک منظم سازش قرار دیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ اور آئی جی خیبر پختونخوا کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔