سوات(زما سوات ڈاٹ کام)سوات میں پہلی بارمارکیٹ کمیٹی قائم کردی گئی۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام نے مارکیٹ کمیٹی کا افتتاح کیا۔افتتاح تقریب مینگورہ کی سبزی منڈی میں منعقد ہوئی۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات حامد علی خان،ڈائریکٹرمحکمہ زراعت محمد عزیرخان،انجمن آڑھتیان پاکستان کے صدر ملک سونی بھی موجودتھے۔مارکیٹ کمیٹی کے لئے حمیدخان چیئرمین اور ملک نورحسن وائس چیئرمین چن لئے گئے۔کمیٹی 10 ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں محکمہ زراعت،ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں سمیت آڑھتی،زمیندار،خریداراور دکانداروں کی نمائندگی ہوگی ۔کمشنرملاکنڈڈویژن ظہیر الاسلام نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سوات میں پہلی بار کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اب یہ کمیٹی ہی پھلوں،سبزیوں اور غلہ جات کے کاروبار سےمتعلق تمام امور کے فیصلے خود کریگی۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ معیشت کو پروان چڑھانے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے اورمارکیٹ کمیٹی کاقیام اس سلسلے میں اہم قدم ہے۔کمشنرملاکنڈڈویژن نے کہاکہ انتظامیہ اس کمیٹی کو مکمل طور پر سپورٹ کریگی۔ ملک سونی نے اس موقع پر کہاکہ اس کمیٹی کے قیام سے نہ صرف منڈیوں اور غلہ جات سے وابستہ کاروبار ہو مزید وسعت ملے گی بلکہ اس کاروبار سے وابستہ افراد کے مسائل بھی کمیٹی ہی کے ذریعے بروقت حل ہوسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ رمضان کے دوران عوام کو خصوصی رعایت بھی دیں۔