سوات میں خیبر پختونخوا ڈی وارمنگ پروگرام 2025 کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم (مردانہ و زنانہ)، پولیس، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن، ڈسٹرکٹ خطیب، تحصیل خطیب سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کی مہم 8 سے 12 دسمبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کے دوران صوبے کے 22 اضلاع میں تقریباً 80 لاکھ بچوں کو محفوظ اور منظور شدہ دوا دی جائے گی۔ مہم کا ہدف 5 سے 14 سال کی عمر کے بچے ہوں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ڈی وارمنگ ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اور مدارس کے نمائندوں سے بھی کہا کہ مہم کے دوران تمام بچوں تک دوا کی فراہمی کے انتظامات کیے جائیں۔
اجلاس میں والدین پر بھی زور دیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو مہم کا حصہ بنائیں تاکہ انہیں پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی مفت اور محفوظ دوا فراہم کی جا سکے۔