سوات(زما سوات ڈاٹ کام)محکمہ صحت،انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے تعاؤن سے سوات میں کرونا پر کافی حدتک قابو پالیاگیاہے،وباء سے محفوظ رہنے کیلئے اختیار کردہ احتیاطی کے کافی مثبت اور اطمینان بخش نتائج سامنے آئے تاہم وباء ابھی ختم نہیں ہوئی لہٰذہ عوام احتیاطی تدابیر پر بدستور عمل درآمد کریں،ہوٹل مالکان محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاؤن کریں،ان خیالات کااظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر اکرم شاہ نے کیاہے،انہوں نے کہاکہ سوات میں کرونا وباء پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے جس کے بعد مریضوں یا متاثرہ افراد کی تعداد بہت کم رہ گئی ہے اورزیر علاج مریض بڑی تیزی کے ساتھ رو بہ صحت ہیں،کرونا پرقابو پانے میں محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ انتظامیہ اور سول سوسائٹی نے بہت اہم کرداراداکیا ہے،صوبائی حکومت کی ہدایت پر محکمہ نے عوام کوکرونا سے محفوظ رہنے کیلئے مسلسل احتیاطی تدابیر سے آگاہ رکھا جبکہ اس مقصد کیلئے لوگوں میں شعوراجاگر کیا اس سلسلے میں میڈیا اورسماجی شخصیات کا تعاؤن بھی حاصل کیا،ضلعی،تحصیل اور محلوں کی سطح تک بھرپور طریقو سے پمفلٹس کی شکل میں احتیاطی تدابیر پہنچائیں اور لوگوں کو ان پر عمل درآمدکرنے کی ہدایت دی،بازاروں میں لاک ڈاؤن رہا،ہجوم پر پابندی عائد کی،سینی ٹائزر،ماسک اور دستانوں کو لازمی قرادیااورلوگوں کوایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کرنے کی اپیلیں کیں، زیادہ رش نہیں بننے دیا اس صوتحال سے اگر چہ عوام کو مشکلات کا سامنا رہا مگر یہ سب کچھ حکومت عوام ہی کی بھلائی اور انہیں کرونا کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رکھنے کیلئے کررہی تھی،انہوں نے کہاکہ ہماری کوششیں رنگ لے آئیں اورآخر کار کرونا کی شدت میں کمی آئی تاہم یہ وباء مکمل ختم نہیں ہوئی اب بھی کرونا موجود ہے لہٰذہ عوام کو احتیاطی تدابیر پر بدستور عمل کرنا چاہئے،انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کو کاروبار کی جازت دی گئی ہے وہ ایس او پیز کے تحت کاروبار کو چلائیں جبکہ ہوٹل مالکان محکمہ صحت کے ساتھ تعاؤن کریں تاکہ کرونا وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔