سوات ٹریفک وارڈن کا غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد بازاروں میں کارروائیاں

سوات (زما سوات) ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک وارڈن لوئر سوات اکبر حیات خان کی نگرانی میں شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا گیا۔

اس کارروائی کے دوران مدین روڈ، گڑھ بازار، بنڑ چوک اور گرین چوک سمیت دیگر مصروف بازاروں میں تجاوزات کرنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔ تجاوزات ہٹانے کے دوران ٹریفک پولیس اور ٹی ایم اے کے اہلکاروں نے بھرپور تعاون کرتے ہوئے مصروف بازاروں کو صاف کرنے کی کوشش کی۔

ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی تجاوزات شہری مسائل پیدا کرنے کے ساتھ ٹریفک کی روانی میں بھی بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے یہ کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

شہریوں نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے کی جانے والی اس کارروائی کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ شہر کو مستقل بنیادوں پر صاف رکھنے کے لیے سخت نگرانی کی جائے۔