سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے ترجمان ڈاکٹر خالد محمود نے یونیورسٹی آف سوات میں بدنظمی، ناانصافیوں، اور طلباء و طالبات کے تحفظ میں ناکامی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وائس چانسلر کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ موجودہ وائس چانسلر کے دور میں یونیورسٹی انتظامی بے قاعدگیوں کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں باہر سے غیر متعلقہ افراد بلا روک ٹوک داخل ہو کر طالبات کو ہراساں کرتے ہیں، جو نہ صرف ادارے بلکہ پورے علاقے کی عزت و وقار پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے لیے ایک ایسا وائس چانسلر تعینات کیا جائے جو ادارے کی سیکورٹی کو یقینی بنائے اور طالبات کو تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا، “یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والی ہماری بہنیں اور بیٹیاں عزت دار ہیں، لیکن ایسے واقعات انہیں تعلیم چھوڑنے پر مجبور کر رہے ہیں۔”
ڈاکٹر خالد محمود نے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو سوات ٹریڈرز فیڈریشن بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طالبات کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔