سوات(زما سوات ڈاٹ کام)سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم خان نے کہا ہے کہ ٹیکس فری زون سوات میں ایف پی اے اور سروس ٹیکس کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتے، اسکے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، آل پارٹیز کانفرنس میں احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا،ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے چیئرمین پریس کلب شہزاد عالم کے ساتھ ملاقات میں کیا،
جس میں دونوں نے متفقہ طور پر جدوجہد کاعزم کیا، انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن 2023تک ٹیکس فری زون ہے اور اب یہاں پر محکمہ واپڈا کی جانب سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے)محکمہ ٹیلی فون کی جانب سے سروس ٹیکس اور دیگر کمپنیاں سیلز ٹیکس وصول کررہی ہے اور مظلوم دہشت گردی، سیلاب اور زلزلے سے متاثرہ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، جسکی ہم کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دے سکتے، اس موقع پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے اور اسمیں احتجاجی تحریک کاا علان کرنے اور عدالت کا دروازہ کھٹکٹانے کا عزم کیا گیا، انہوں نے کہا کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں کسی قسم کے ٹیکس کے خلاف کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور عوام کی سہولت کے لئے ہر ممکنہ جدوجہد کریں گے۔