سوات : ضلع سوات میں پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد کرایہ وصولی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ عوامی شکایات اور زائد کرایہ وصولی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کی نگرانی سخت کر دی ہے۔
اسی تناظر میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-I بابوزئی اخلاق احمد نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ اوڈیگرام روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران متعدد گاڑیوں کے کرایہ ناموں کا جائزہ لیا گیا، اور سرکاری نرخنامے سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں پر موقع پر جرمانے عائد کیے گئے۔
انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایہ نامے کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔