ملاکنڈ (زما سوات ڈاٹ کام ) سوات پریس کلب کو سیل کرنے کے احکامات کے خلاف ملاکنڈ ڈویژن کے صحافیوں کے احتجاجی مظاہرے، احکامات واپس لینے کا مطالبہ،سوات پریس کلب کو سیل کرنے کے احکامات کے خلاف ملاکنڈ ڈویژن میں مختلف پریس کلبوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
سوات، شانگلہ، بونیر ، چکدرہ ، ملاکنڈ ، دیر ، دیر بالا ، چترال اور باجوڑ کے پریس کلبوں میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوات پریس کلب کو سیل کرنے کے احکامات واپس لئے جائیں ۔ملاکنڈ ڈویژن یونین آف جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد عالم نے کہا کہ پریس کلب کو سیل کرنے کے غیر قانونی احکامات واپس لئے جائیں بصورت دیگرصحافی برادری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سوات کے صحافیوں نے ملکی بقاء کی جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ چئیرمین سوات پریس کلب محبوب علی نے کہا کہ پریس کلب کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کی جائے۔ صحافیوں نے وزیراعلیٰ ہاوس اور قومی اسمبلی کے سامنے احتجاج کا اعلان بھی کیا۔