سوات: پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی جانب سے ذولفقار علی بھٹو کی سالگرہ تقریب کا انعقاد۔

پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سوات نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں یوتھ آرگنائزیشن کے رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صوبائی رہنما شہزاد خان، ملک صدام ایڈوکیٹ، عباس علی حیدر ایڈوکیٹ، اسد خان، عدنان باچا، فواد رحیم، شاہ، اسرار خان، ارشاد خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا۔ مقررین نے کہا کہ بھٹو شہید نے دشمنوں کے سامنے بہادری کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کیا، لیکن بدقسمتی سے ایک آمر نے انہیں شہید کرا کر پاکستان کے ساتھ ظلم کیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھٹو شہید کے نظریات آج بھی زندہ ہیں، اور نوجوان ان نظریات پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب میں پیپلز لائرز فورم مالاکنڈ ڈویژن کے صدر حاجی ریاض احمد ایڈوکیٹ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہید ذولفقاربھٹو کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔