سوات: چارباغ خوڑ پٹے میں ایک جیپ گہری کھائی میں گرنے سے چار افراد موقع پر جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد سعد کی ہدایات پر دو ایمبولینسوں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر روانہ ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب مینگورہ سے سیر خوڑ پٹے جانے والی جیپ کی بریک فیل ہوگئی، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں کڈنی ہسپتال چارباغ منتقل کر دیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ظاہر اللہ، علی شیر خان، علی رحمان اور تاج محمد کا بیٹا شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی شناخت حضرت علی اور حضرت حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تمام افراد کا تعلق سیر پٹے تلیگرام سے بتایا جا رہا ہے۔