سوات: ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے سینیٹری ورکرز کا تنخواہوں میں اضافے اور مراعات کے لیے احتجاجی مظاہرہ

سوات: واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی (ڈبلیو ایس ایس سی) سوات کے سینیٹری ورکرز نے تنخواہوں میں مناسب اضافے، سرکاری مراعات کی فراہمی اور ملازمتوں کی مستقلی کے مطالبات کے حق میں سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاج کے دوران سینیٹری ورکرز نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں صرف دس فیصد اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں یہ اضافہ ان کے لیے کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

لیبر یونین کے صدر محمد رازق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “سینیٹری ورکرز بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر کی جائے۔”

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ دس سالوں سے خدمات انجام دینے والے سینکڑوں عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے اور سینیٹری ورکرز کو دیگر سرکاری ملازمین کی طرح تمام بنیادی مراعات فراہم کی جائیں