سوات: کالج کالونی میں تیز رفتار گاڑیوں کے ساتھ ساتھ شور مچاتے موٹر سائیکلوں نے شہریوں کا جینا محال کر دیا

سوات (نمائندہ خصوصی) سیدو شریف کے علاقے کالج کالونی میں صرف تیز رفتار گاڑیوں ہی نہیں بلکہ شور مچاتے موٹر سائیکلوں نے بھی علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق نوجوان موٹر سائیکل سوار سنسر نکال کر ایسی آواز کے ساتھ سواریاں کرتے ہیں جس سے نہ صرف شور شرابا ہوتا ہے بلکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں یہ موٹر سائیکلیں سائلنسر کے بغیر سڑکوں پر اس رفتار سے دوڑتی ہیں جیسے یہ رہائشی علاقہ نہ ہو بلکہ کوئی ریسنگ ٹریک ہو۔ ان حرکات سے ایک طرف حادثات کے خدشات بڑھ رہے ہیں تو دوسری طرف سکون اور نیند بھی متاثر ہو رہی ہے۔

علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کالج کالونی جیسے حساس اور تعلیمی علاقے میں تیز رفتاری، شور شرابے اور اوباش نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں اور روزمرہ معمولات متاثر نہ ہوں۔