سوات کی بیٹی ملالہ یوسفزئی ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گی

نوبل انعام یافتہ اور دنیا کی کم عمر ترین امن ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیت، ملالہ یوسفزئی، رواں ماہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی 2 روزہ ایجوکیشن کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔

وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین وانی کے مطابق یہ کانفرنس 11 اور 12 جنوری کو منعقد ہوگی، جس کا موضوع “مسلم ممالک میں بچیوں کی تعلیم” ہے۔ ملالہ یوسفزئی اس کانفرنس میں اپنے تجربات اور خیالات کا تبادلہ کریں گی اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اہم نکات پر روشنی ڈالیں گی۔

ملالہ یوسفزئی کا تعلق سوات کے علاقے مینگورہ سے ہے، جہاں سے انہوں نے تعلیم کے حق میں آواز بلند کی اور عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ ان کی خدمات نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم کے لیے ایک نیا شعور اجاگر کیا ہے۔