شنگھائی ریلوے اسٹیشن پر گرنے والے شہری کی جان بچا لی
سوات کے دو نوجوان میڈیکل طالب علم، یوسف خان اور رفیق اللہ، چین میں اس وقت ہیرو بن گئے جب انہوں نے شنگھائی ریلوے اسٹیشن پر دل کا دورہ پڑنے والے ایک شہری کی جان بچائی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں دوست سیاحت کے لیے شنگھائی پہنچے۔ ریلوے اسٹیشن پر اترتے ہی انہوں نے دیکھا کہ ایک ادھیڑ عمر شخص زمین پر گر چکا تھا اور پولیس اہلکار اس کے گرد کھڑے تھے۔ میڈیکل کے فائنل ایئر کے طالب علم ہونے کے ناطے دونوں نے فوراً صورت حال کو بھانپ لیا۔ رفیق نے نبض چیک کی تو کمزور محسوس ہوئی، سانس بھی بحال نہیں ہو رہی تھی، جو دل کے دورے کی واضح علامات تھیں۔
چین میں کسی کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قانونی اجازت درکار ہوتی ہے، چنانچہ یوسف اور رفیق نے پولیس اہلکاروں کو اپنی میڈیکل شناخت دی اور فرسٹ ایڈ کی اجازت حاصل کی۔ یوسف نے فوری طور پر کارڈیو پلمونری ری سسٹیٹیشن (CPR) کا عمل شروع کیا، جبکہ رفیق ان کی مدد کرتے رہے۔ چند لمحوں بعد متاثرہ شخص کی سانس بحال ہونے لگی۔
یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوا اور جیسے ہی خبر عام ہوئی، چینی میڈیا نے دونوں پاکستانی طلبہ کو ہیرو قرار دے دیا۔ پاکستان میں چین کے سفارت خانے نے بھی سوشل میڈیا پر ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ “یوسف خان اور رفیق اللہ کے فوری اور ماہرانہ ردعمل کی بڑے پیمانے پر تعریف کی جا رہی ہے۔”
ان کی یونیورسٹی، گائن میڈیکل یونیورسٹی آف چین، نے بھی دونوں طلبہ کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔ یوسف اور رفیق کا تعلق سوات سے ہے، جہاں کے عوام نے بھی ان کی بہادری پر فخر کا اظہار کیا ہے۔