سوات کے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ دوبارہ پہلے جیسی بولنگ نہیں کر سکیں گے، علی ترین کا انکشاف

سوات: سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ، جنہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 میں اپنی شاندار کارکردگی سے شہرت حاصل کی، اب اپنی سرجری کے بعد دوبارہ اپنی پرانی رفتار اور بولنگ اسٹائل میں بولنگ نہیں کر سکیں گے۔ یہ انکشاف ملتان سلطانز کے مالک علی جہانگیر ترین نے حالیہ انٹرویو کے دوران کیا۔

احسان اللہ، جو پی ایس ایل 2023 میں ملتان سلطانز کے لیے 22 وکٹیں لے کر سب کی توجہ کا مرکز بنے تھے، انجری کے بعد سے قومی ٹیم سے باہر ہیں۔ علی ترین نے بتایا کہ احسان اللہ کی دائیں کہنی کی سرجری میں ہونے والی خرابی نے ان کے کیریئر کو شدید متاثر کیا ہے۔

علی ترین نے کہا، “ہم نے احسان اللہ کو ایک ماہر سرجن سے مشورہ کروایا، لیکن انہوں نے ہمیں بری خبر دی کہ ان کی پہلی سرجری کے دوران ہونے والی غلطی کی وجہ سے ان کا بازو کبھی بھی مکمل طور پر سیدھا نہیں ہو سکے گا، اور وہ دوبارہ اپنی پرانی رفتار اور اسٹائل کے ساتھ بولنگ نہیں کر سکیں گے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ایک غلطی نے سوات کے اس نوجوان اسٹار کا کیریئر خطرے میں ڈال دیا۔”

انہوں نے مزید کہا، “پی ایس ایل میں احسان اللہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے تھے، لیکن اب وہ صرف 130-135 کی رفتار سے بولنگ کر رہے ہیں۔ وہ ہمارے 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کے بولر تھے، لیکن اب وہ اس معیار تک نہیں پہنچ سکیں گے۔”

یاد رہے کہ احسان اللہ نے حال ہی میں چیمپئنز ٹی20 کپ میں کرکٹ میں واپسی کی، جہاں انہوں نے چار میچوں میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم، وہ اپریل 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے دوران کہنی کی انجری کے باعث کرکٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

سوات سے تعلق رکھنے والے احسان اللہ نے اپنے مختصر کیریئر میں پاکستان کے لیے ایک ون ڈے اور چار ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔ ان کی شاندار بولنگ نے نہ صرف سوات بلکہ پورے ملک کے کرکٹ شائقین کے دل جیت لیے تھے۔ اب کرکٹ حلقوں میں ان کے مستقبل کے بارے میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔