ضلعی انتظامیہ سوات نے گداگری میں ملوث بچوں کے حوالے سے اہم کارروائی کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سوات کی ٹیم نے منگورہ اور سیدوشریف کی مختلف مارکیٹوں میں کارروائی کرتے ہوئے 12 بچوں کو ریسکیو کیا، جن میں 8 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔
ریسکیو ہونے والی 4 بچیوں کو “خپل کور فاؤنڈیشن” منتقل کر دیا گیا، جبکہ 8 بچوں کو عارضی طور پر دارالکفالہ سوات میں رکھا گیا ہے۔ ان بچوں کو والدین یا سرپرستوں کے حلف نامے حاصل کرنے کے بعد ان کے حوالے کیا جائے گا۔
چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سوات کے مطابق، اب تک مجموعی طور پر 142 بچوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ یونٹ اور ضلعی انتظامیہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور گداگری جیسے سماجی مسائل کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گداگری میں ملوث بچوں یا دیگر متعلقہ مسائل کے بارے میں فوری طور پر حکام کو اطلاع دیں تاکہ موثر اقدامات کیے جا سکیں۔