سوات: گل کدہ کے عمائدین کا جرگہ، منشیات فروشوں کو علاقہ چھوڑنے کا الٹی میٹم

سوات: گل کدہ کے عمائدین کا جرگہ، منشیات فروشوں کو علاقہ چھوڑنے کا الٹی میٹم

سوات: مینگورہ کے نواحی علاقے گل کدہ میں منشیات فروشی اور چوری کی وارداتوں کے خلاف مقامی عمائدین نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ منشیات فروش ایک ماہ کے اندر علاقہ چھوڑ دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف پولیس کے تعاون سے بھرپور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ فیصلہ گل کدہ میں منعقدہ ایک اہم جرگے کے دوران کیا گیا، جس میں وی سی چیئرمین بخت ذادہ، ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ سیدو ضیاء الرحمان، سابق ناظم سیدو شریف خالد محمود اور بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بخت ذادہ نے کہا کہ علاقے میں منشیات فروشی اور چوری کی وارداتیں باعثِ تشویش ہیں۔ منشیات کے ناسور نے نئی نسل کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے، اور اب وقت آگیا ہے کہ عوام اور پولیس مل کر اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف عملی اقدامات کریں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ایک ماہ کے اندر اندر منشیات فروشوں کو علاقہ چھوڑنے کی مہلت دی گئی ہے، ورنہ جرگہ پولیس کے ساتھ مل کر ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ جرگے میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر بھی اظہارِ تشویش کیا گیا، اور چیئرمین بخت ذادہ نے عوام سے اپیل کی کہ مشتبہ افراد کی نشاندہی کرکے پولیس سے تعاون کریں تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

علاقہ مکینوں نے جرگے کے فیصلوں کی بھرپور تائید کی اور منشیات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

۔