سوات: یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر حسن شیر کا انتہا پسندی کی روک تھام پر اہم اجلاس میں کلیدی کردار

سوات، 24 دسمبر 2024 – یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی آر آئی) کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس میں شرکت کی۔ یہ اجلاس نیکٹا اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (UNODC) کے اشتراک سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، فیصل مسجد کیمپس، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ موضوع تھا: “نوجوانوں میں پرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کے ذریعے پرامن اور جامع معاشروں کی تشکیل۔”

پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اجلاس میں نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانے اور ان کی صلاحیتوں کو امن و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سوات ایسے پلیٹ فارمز مہیا کر رہی ہے جہاں نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرکے معاشرے کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

وائس چانسلر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تعلیمی ادارے اور سوشل میڈیا جیسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کی رہنمائی اور مضبوط معاشرتی ڈھانچے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان کی تجاویز  نے اجلاس میں موجود ماہرین پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

پروفیسر حسن شیر نے ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق، کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں ماہرین کے پینل میں شرکت کا موقع دیا۔