سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، 25 ستمبر 2018ء) سوات یونیورسٹی نے بی اے/ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ طالبات بازی لی گئیں۔ نتیجہ کا تناسب صرف 41 فیصد رہا۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق امتحانات میں کل 15208 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 6255 امیدوار کامیاب قرار پائے اوریوں مجموعی طورپرکامیاب طلبہ وطالبات کاتناسب 41 فیصد رہا۔ نتائج کے مطابق بی اے اور بی ایس سی پارٹ ون میں کل 7626 طلبہ نے امتحان دیا، جن میں سے 43 فی صدکے تناسب سے 3316 امیدوار کامیاب قرار دیے گئے۔ اسی طرح بی اے اور بی ایس سی پارٹ ٹو میں کل 7582 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 2939 امیدوار کامیاب قرار پائے اوریوں پارٹ ٹوکا نتیجہ 39 فیصد رہا۔ بی ایس سی پارٹ ٹو میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مدین سوات کی صنا ن جمال نے 477 نمبر لے کر پہلی، گورنمنٹ پی جی کالج سیدو شریف کی طالبہ حسنیٰ قاضی، گورنمنٹ ڈگری کالج مینگورہ کے طالب علم سمیع اللہ اور گورنمنٹ ڈگری کالج مدین کے طالب علم منیب احمد نے 456 نمبر لے کر دوسری اورگورنمنٹ پی جی کالج سیدو شریف کی طالبہ اقبال بیگم نے 455 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بی اے پارٹ ٹو میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کانجو سوات کی صدف رحیم نے 408 نمبر لے کر پہلی، کلثوم بی بی نے 397 نمبر لے کر دوسری جب کہ محمد اجمل نے 394 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔