پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیاحتی مقامات پر رہائش پذیر نوجوانوں کو بلاسود قرضہ فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو سیاحت کے فروغ میں شامل کرنا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کالام سوات، کمراٹ دیر اپر، لڑم ٹاپ دیر لوئر، اپر چترال، لوئر چترال، گلیات ایبٹ آباد اور کاغان مانسہرہ کے رہائشیوں کو قرضے دیے جائیں گے۔ ان علاقوں کے نوجوان اپنے گھروں میں سیاحوں کے لیے کمرے تعمیر کریں گے یا موجودہ کمروں کی تزئین و آرائش کریں گے۔
یہ منصوبہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور بینک آف خیبر کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ زاہد چن زیب کے مطابق، قرض حسنہ کے تحت 30 لاکھ روپے تک کی رقم فراہم کی جائے گی، اور خواتین انٹرپرینیورز کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
قرض حاصل کرنے والے افراد کو 10 سال تک سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 28 جنوری 2025 مقرر کی گئی ہے۔
مشیر سیاحت نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو خودمختار بنانے اور سیاحتی علاقوں میں مقامی معیشت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔