سیاحت دوست پالیسیوں کی بدولت سوات امن کا گہوارہ بن گیا ہے، بیرسٹر محمد علی سیف

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے متاثر سوات میں اج ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی موجودگی پائیدار امن اور حکومت کی بہترین پالیسیوں کا نتیجہ ہے، سیاحت دوست پالیسیوں کی بدولت پورے ملک کے سیاح آج سوات کا رخ کر رہے ہیں اور پوری دنیا سوات کے امن کے گیت گا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دورہ سوات کے دوران مینگورہ کے تنگ گلیوں میں ویزٹ کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان بھی انکے ہمراہ تھے۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ایک وہ سوات تھا جب لوگ یہاں انے سے کتراتے تھے اور ہر طرف دہشت گردی کا راج تھا اور ایک آج کا سوات ہے کہ جہاں پر ملکی و غیر ملکی سیاح بغیر کسی خوف وخطر کے یہاں پر موجود ہیں اور عوام پر امن ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں جسکا  پورا کریڈیٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان کے بہترین پالیسیوں نے سوات کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنادیا ہے اور اب ونٹر سیزن بھی فروغ پا گیا ہے اور گزشتہ سال لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کی آمد سے یہاں کا خوبصورت چہرہ پوری دنیا کے سامنے اشکارہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے اور نئے جگہوں کی دریافت اور وہاں پر روڈز کی تعمیر سے علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہورہا ہے۔ اسی ماہ وزیر اعظم عمران خان،وزیر اعلی محمود خان کے ہمراہ سوات موٹر وے فیز ٹو کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھیں گے جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور گزشتہ روز وزیر اعلی محمود خان نے سوات موٹر وے فیز ٹو کی کنسیشن ایگریمنٹ کا مسودہ بھی منظور کیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے سوات سمیت پورا ملاکنڈ ڈویژن سیاحت کا حب بن جائیگا اور یہاں کے عوام کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام نے ملکی بقاء کی جنگ میں بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں جسکا ثمر آج انکو مل رہا ہے اور سوات کی قسمت بدل رہی ہے۔

Baristar Ali Muhammad Saif
Comments (0)
Add Comment