سیدو شریف میں نامعلوم خواتین کی مبینہ اغوا کی کوشش ناکام

سیدو شریف میں نامعلوم خواتین کی مبینہ اغوا کی کوشش ناکام

سوات کے علاقے سیدو شریف، فیض آباد میں نامعلوم خواتین نے مبینہ طور پر ایک گھر میں داخل ہو کر چھوٹی بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم گھر کی خاتون کی مزاحمت کے باعث منصوبہ ناکام ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق، دو مشکوک خواتین وحید قاری صاحب کے گھر میں گھسیں اور چھری کے زور پر بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم خاتون خانہ نے ہمت دکھاتے ہوئے نہ صرف مزاحمت کی بلکہ چھری چھین کر ایک خاتون کو زخمی بھی کردیا، جس کے بعد دونوں خواتین موقع سے فرار ہوگئیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور سوشل میڈیا پر ایک آڈیو پیغام کے ذریعے عوام سے اپیل کی گئی کہ اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں اور گھروں کے دروازے بند رکھیں۔

دوسری جانب، جب پولیس ذرائع  سے واقعے پر موقف لیا گیا تو انہوں نے کسی بھی ایسے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔