سیلاب سے متاثرہ غیر قانونی تعمیرات کی بحالی کی اجازت نہیں ہوگی،کمشنر ملاکنڈ ڈویژن

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے سیلاب سے متاثرہ سوات کے سیاحتی مقام بحرین کا دورہ کیا اور بحرین بازار میں نقصانات، بحرین کالام رابطہ پل کی عارضی بحالی، دراڑ خوڑ سے ملحقہ آبادیوں میں نقصان کا جائزہ لیا اور متاثرین میں امدادی پیکجز تقسیم کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر بحرین اسحاق احمد نے امدادی سرگرمیوں پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کو بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل بحرین میں منقطع علاقوں اور سیلاب متاثرین میں تقسیم کئے گئے امدادی پیکجز، ریلیف و بحالی اقدامات سے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو آگاہ کیا۔ دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دراڑ خوڑ پر پل کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی پر مقامی انتظامیہ اور پاک آرمی انجینئرنگ کور داد کے مستحق ہیں، کالام تک امدورفت کی بحالی ترجیح ہے،کالام تک روڈ کی بحالی پر دونوں اطراف سے کام ہورہا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے دو سے تین دن میں کالام روڈ امدورفت کے لئے بحال کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ دریائے کنارے ایسے تعمیرات جو غیر قانونی تھے اور سیلابی ریلے میں بہہ گئے یا نقصان پہنچا ہے ان کی بحالی کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسے متاثرہ تعمیرات کو ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے  سیلاب متاثرین میں امدادی پیکجز کی تقسیم و دیگر ریلیف اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ خصوصاً اسسٹنٹ کمشنر بحرین اور ٹیم نے تحصیل میں بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر متاثرہ اضلاع میں نقصانات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں اور پالیسی کے مطابق ازالہ کیا جائے گا۔کمشنر ملاکنڈ نے ڈویژن کے متاثرہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور ان کے ذیلی اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ جس مستعدی سے اضلاع میں بحالی کا کام ہوا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ کمشنر ملاکنڈ نے مذید کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ اور ذیلی ادارے ائندہ بھی اسی مستعدی سے کام کرتے ہوئے لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے خدمات انجام دیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد اور دیگر فیلڈ آفیسرز بھی ان کے ہمراہ تھے

Commissioner Malakand Division
Comments (0)
Add Comment