سوات کے معروف صحافی نیاز احمد خان نے لقمان ہسپتال اور سرجن ڈاکٹر شاہ عباس کے خلاف سول عدالت میں 4 کروڑ روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ مقدمے کے مطابق نیاز احمد خان نے 17 اکتوبر کو لقمان ہسپتال میں ڈاکٹر شاہ عباس سے پتے کا آپریشن کرایا تھا، جو کہ ڈاکٹر کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ناکام ہو گیا۔
مدعی کے مطابق ناکام آپریشن کی وجہ سے انہیں شدید طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور وہ چار دن سیدو شریف ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج رہے، جبکہ مزید چودہ دن شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں علاج کروانا پڑا۔ مقدمے میں ڈاکٹر کی غفلت، ہسپتال میں ناکام آپریشن کے بعد مناسب سہولیات کی عدم فراہمی، اور ان کے طبی نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے ہرجانے کی درخواست کی گئی ہے۔
نیاز احمد خان کا مقدمہ معروف وکیل اکبر علی سواتی کی جانب سے سول جج فوزیہ نسیم کی عدالت میں دائر کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے لیے 18 جنوری کو فریقین کو طلب کر لیا ہے۔
یہ معاملہ سوات کے صحافتی حلقوں میں زیر بحث ہے اور عوامی سطح پر بھی طبی سہولیات کے معیار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔