شانگلہ: الپوری کے قریب جیپ حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 3 شدید زخمی

شانگلہ: الپوری کے قریب جیپ حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 3 شدید زخمی

شانگلہ: تحصیل الپوری کے علاقے ملک خیل کوٹکے میں جیپ گہری کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی تین ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیم جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کیا، جہاں سے تین شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے سیدو ٹیچنگ اسپتال سوات ریفر کر دیا گیا۔

جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ضابطے کی کارروائی کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ ریسکیو آپریشن کی نگرانی ایمرجنسی آفیسر خان محمد نے بذاتِ خود کی، جو ڈی او شانگلہ کی ہدایت پر موقع پر پہنچے۔

عینی شاہدین کے مطابق مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور زخمیوں و جاں بحق افراد کو چارپائیوں کے ذریعے ایمبولینسز تک پہنچایا۔