سوات (زما سوات ڈاٹ کام)ڈائریکٹر سی ایم ایل سی سوات کرنل نوید نے کہا ہے کہ سوات کے صحافیوں نے ہمیشہ سوات کا مثبت چہرہ دُنیا کو دکھایا ہے یہی وجہ ہے کہ ونٹر سیزن میں بھی آج لاکھوں کی تعداد میں سیاح وادی کا رُخ کر رہے ہیں اور سیاحت کی ترقی سے یہاں کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں،جو باعث مسرت ہے، سوات میں قیام امن کیلئے صحافیوں کی قربانیوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی شہادتیں دیکر یہاں پر امن قائم کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا جس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی ایم ایل سی میں سوات پریس کلب کے چیئرمین محبوب علی، چیف آرگنائزر غلام فاروق، یونین آف جرنلسٹس کے صدر فضل رحیم خان اور سوات الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد عالم کی قیادت میں سوات پریس کلب کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پریس کلب کے جنرل سیکرٹری سبحان اللہ، حضرت علی باچہ،جاوید اقبال،حکیم عثمان علی، محمد حیات چمن، مراد علی خان، پرویز عالم پاپا، عصمت علی اخون، ناصر عالم، شاہ اسد علی، شیراز خان، کامران اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ کرنل نوید کا کہنا تھا کہ سوات کے صحافیوں نے کٹھن صورتحال میں بھی اپنے عوام اور علاقے کے بہتر انداز میں نمائندگی کی جبکہ امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ سوات کی خوبصورتی کو بھی پوری دُنیا میں اُجاگر کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج لاکھوں کی تعداد میں سیاح وادی سوات کا رُخ کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔