سوات (زما سوات ڈاٹ کام) سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے حکومت سے ملاکنڈڈویژن کے لئے خصوصی پیکج کی منظوری کامطالبہ کردیا۔ وزیراعلیٰ کااپنا ضلع موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ متاثرہے، حکومت کی ریلیف صرف اعلانات تک محدود ہے، وزیراعلیٰ اعلانات پر اکتفا کرنے کے بجائے زمینی حقائق کو مدنظررکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ سوات میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیہاڑی مار، ریڑھی بان اور غریب، مزدور طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے، ان کے ہاں کھانے پینے کے لئے کوئی چیز موجود نہیں ہے، آج وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع کے لوگوں کو فاقوں کا سامناہے۔
ان کی زندگی مشکل ہوگئی ہے گھروں اورگلی کوچوں میں بچوں کے رونے کی صدائیں بلندہورہی ہے۔ بوڑھے اورخواتین ایک وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں ان غریبوں کے گھروں میں فاقوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔جبکہ حکومت محض اعلانات کے ذریعے لوگوں کو تسلی دے رہی ہے عوام کی پیٹ اعلانات سے نہیں بلکہ کچھ کھانے سے بھرے گا، انہوں نے کہا کہ لوگوں میں گھروں تک محدود کرکے ان کا مذاق اڑیاجارہاہے، لاک ڈاؤن نے لوگوں سے ان کے جینے کا حق بھی چھین لیاہے عوام لاک ڈاؤن کو خالی پیٹ کامیاب بنارکھے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں اورحالات سے حقیقی متاثرہونیوالوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،آج غریبوں کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔ غریبوں کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں بچے اپنے والدین سے روٹی کاتقاضہ کررہے ہیں والدین اپنے بچوں اورپیاروں کے آگے بے بسی کے تصویربنے ہوئے ہیں ایسے میں صوبائی حکومت ہنگامی بنیادوں پر سوات اورملاکنڈڈویژن کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری دے کر لوگوں کو اس مشکل سے نکالنے میں کرداراداکریں۔
انہوں نے کمشنر کوتنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک ڈویژنل انتظامی سربراہ کی حیثیت سے ملاکنڈڈویژن کے کمشنر کی کارکردگی بالکل مایوس کن ہے وہ غیرضروری کاموں میں لگے ہوئے ہیں اورعوام جس مشکل سے دوچارہے اس پر توجہ نہیں دے رہے ہیں انہوں نے اس سلسلے میں جی اوسی ملاکنڈڈویژن سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں اپناکرداراداکریں کیونکہ حکومت کی طرف سے لوگوں کو ریلیف دینا جوئے شیرلانے کی مترادف ہے انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اگر حکومت ہر ایک گھر کو امداد فراہم کرنے میں مخلص ہے تو وہ فوری طور پر بلدیاتی الیکشن کاانعقادکریں اوران بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے گھرگھرامداد فراہم کی جاسکتی ہے۔