سوات (زما سوات ڈاٹ کام ) صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں ٹی ٹی پی سے اپیل کرتے ہیں کہ پاکستان آئے ہوئے اپنے افراد کو واپس افغانستان بلائیں، پاکستان آئے جنگجو غیر مسلح ہوجائیں اور واپس چلے جائیں، تاکہ پاکستان میں دیرپا امن کی بحالی کے لیے ماحول سازگار بنایا جا سکیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذکراتی ٹیم میں شامل بیرسٹر سیف نے سوات پریس کلب میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں مقیم پاکستانیوں کو مذاکرات کے ذریعے واپس لانے کے سلسلے کا آغاز 2021 میں ہوا تھا، جس کے نتیجے میں خاصی تعداد میں افراد واپس آ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے غیر مشروط اور غیر معینہ مدت تک سیز فائر کیا گیا ہے، مذاکراتی مرحلے کے دوران ہی چند واقعات پاکستان اور چند افغانستان میں ہوئے جس سے مذاکراتی مرحلہ تعطل کا شکار ہوا ہے، ساری صورتحال پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سٹیرنگ کمیٹی اس کو دیکھ رہی ہے۔
” صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سوات کے حالات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور وقتاً فوقتاً اعلیٰ سیکورٹی اہلکاروں کے اجلاس بلا رہے ہیں، میری باتیں وہی ہے جو وزیر اعلیٰ کی ہے، اس لئے یہ الزام غلط ہے کہ وزیر اعلیٰ خاموش ہیں”
انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل میں ابھی تک کسی معاہدے تک نہیں پہنچے ہیں،یہ الزامات بھی بے بنیاد ہے کہ ایک سازش کے تحت طالبان کو ان علاقوں میں واپس لایا گیا ہے ۔مرکزی حکومت اس معاملے میں ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہے جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے بھی مرکزی حکومت کی ایماء پر کام کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن نامعلوم مقامات سے موصول ہونے والے کالز کا ڈیٹا تک فراہم نہیں کر رہے ، انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہم ہے سوات کو دوبارہ بد امنی کی طرف نہیں لے جانے دیں گے، ہم فرنٹ لائن پر پہلے بھی کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود پندرہ ہزار کے قریب پاکستانیوں کو جس میں بمشکل ہی تین چار ہزا ر طالبان ہوں گے ان کو واپس لانے کے لئے مذکراتی عمل کے نتیجے میں ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔اُن کو واپس لانے کے لئے ایسا راستہ اختیار کرنا ہوگا کہ پاکستان کے امن کو نقصان نہ پہنچے ۔